M. Hameed Shahid
Home / تازہ ترین / محمد حمید شاہد|کہانی عورت ہے !

محمد حمید شاہد|کہانی عورت ہے !

http://e.jang.com.pk/03-08-2017/Karachi/page5.asp#;
http://e.jang.com.pk/03-08-2017/Karachi/page5.asp#;

افسانہ نگار خواتین: اردو ادب کا اہم باب

مجھے اپنی بات ایک عشق کے قصے سے شروع کرنی ہے ۔ عشق کایہ قصہ قدرے زیادہ پراناہے ، جی جہانگیرکی بادشاہی کا زمانہ تھا۔اور اس قصے میں جس عاشق کا نام آتا ہے ، اس کانام افضل پانی پتی تھا ۔ اچھا بھلا زاہد متقی اورمعلم پیشہ، مگر ہوا یوں کہ ایک ہندو حسینہ کو دیکھا اور اس پرمر مٹا ۔ اسے ایسی لگی کہ دل کے ہاتھوں حالت جنوں میں پہنچ گیا ۔ کہتے ہیں اس نے گھر بار چھوڑا اور دیوانوں کی طرح اپنی معشوق کے گلی کے پھیرے لینے لگا۔ لڑکی کے گھر والوں کو افضل کو اس حرکت پر بہت طیش آیا، اسے روکا، کہ ادھر کا رُخ نہ کرے مگر وہ کہاں رکنے والا تھا۔ بدنامی ہو رہی تھی ، مزید بدنامی سے بچنے کے لیے انہوں نے لڑکی کو ہی متھرا بھیج دیا ۔ افضل پانی پتی کو خبر ہوئی تو وہ بھی متھرا پہنچ گیا۔ کبھی اس گلی کبھی اس گلی دھونڈتے پھرا ۔ آخر ایک روز سامنا ہو گیا لپک کر راہ روک کھڑا ہوگیا ، داڑھی بڑھی ہوئی بالوں میں سفیدی اتر آئی تھی ۔ لڑکی نے طیش میں آکر کہا ’’تمہاری داڑھی سفید ہو گئی مگر شرم نہیں آتی تجھے‘‘ ۔ عاشق نے ادبداکر راہ چھوڑی ۔ بات یہاں ختم نہیں ہوتی ۔ وہ واپس ہوا اور آتے ہی داڑھی منڈوا ئی، اپنامذہب ترک کیاگوپال نام اختیار کیا اور اور ایک مندر میں پچاری ہو کر بیٹھ رہا۔ سارے براہمنی علوم سیکھے اور جس گرو سے سیکھے تھے اس کے مرنے کے بعد گوپال اس کی جگہ پر گرو ہو گیا۔ یہیں سے عشق کی اس کہانی میں ایک موڑ آتا ہے ۔ اس مندر میں سال میں ایک مرتبہ عورتیں پوجا کو آتی تھیں ، اسی موقع پرعاشق کی نظر اپنی معشوق پر پڑی ۔ وہ گرو کی قدم بوسی کے لیے جھکی ہوئی تھی جب کہ گرو کوئی اور نہیں اس کا اپنا عاشق تھا ۔ عاشق کا دل سینے سے اچھلا اور حلقوم میں آرہا ۔ محبوبہ کا ہاتھ تھام لیا ۔ محبوبہ کے لیے اب انکار کے سارے راستے بند تھے ۔
یہ سچا عاشق وہی افضل پانی پتی ہے جس نے بارہ ماسے کی روایت میں’’ بکٹ کہانی‘‘ لکھی تھی۔ ساری بکٹ کہانی ایک عورت کی زبان سے ہے ۔ عورت جو افضل کی اپنی محبوبہ تھی ۔
گئی برسات رُت ،نکھرا فلک سب
نمی دانم کہ ساجن گھر پھریں کب
۔۔
لکھو تعویذ پی آوے ہمارا
وگرنہ جائے ہے جیوڑا ہمارا
اس قصے کی زبان ایسی ہے کہ اس سے اردو کے ابتدائی زمانے کے نقوش بنتے نظر آتے ہیں ۔ تاہم اس عشق کے قصے سے جو بات میں نے اخذ کی وہ یہ ہے کہ ایسے زمانے میں کہ جب عورت خود قصہ نہ لکھ رہی تھی وہ اپنے مرد کو اپنا درد لکھ لینے کا قرینہ سکھا رہی تھی۔ یا پھر ایسا ہے کہ کہ عورت کے من میں یہ بات بٹھا دی گئی تھی کہ وہ اپنے بارے میں سچ لکھ نہیں سکتی ، یہ کام مر د ہے ، سو وہی لکھے گا اور مرد ہی عورت کی ہڈ بیتی لکھتا رہا۔
مرد نے عورت کو یا تو عاشق ہو کر لکھا یا پہیلی سمجھ کر یا پھر اسے ناداں سمجھ کر اس کے لیے اصلاحی تحریروں کے ڈھیر لگادیے ۔ مراۃ العروس ، توبتہ النصوح، رویائے صادقہ، فسانہ مبتلا غرض جو بھی لکھا جارہا تھا عورت کو راہ راست پرلانے کے لیے لکھا جارہا تھا۔ پھر یوں ہوا کہ عباسی بیگم اور نذر سجاد جیسی لکھنے والیاں اپنے اپنے حصے کا سچ لکھنے کے لیے خود افسانے کی دنیا کی طرف نکل آئیں ۔ رشید جہاں تک آتے آتے نقشہ بالکل نہ سہی بڑی حد تک بدل گیا کہ اب اس کا احساس ہونے لگا تھا کہ عورت ہی اپنے آپ کو بہتر طور پر بیان کر سکتی تھی ۔ جی میں نے بڑی حد تک کے الفاظ یوں لکھے ہیں کہ مظلوم عورت کے ساتھ کھڑے ہو جانے والے ادیبوں میں سے کئی اب بھی سمجھتے تھے کہ عورت اپنے حوالے سے بڑا سچ نہیں لکھ سکتی، عورت کااپنے بارے میں بڑا سچ نہ لکھ سکنے کی بات منٹو نے کہی تھی ۔ مگر عین منٹو ہی کے زمانے میں عظیم بیگ چغتائی کے رشتے کی بہن عصمت چغتائی سامنے آتی ہیں اور منٹو کے کہے کو غلط ثابت کرتی ہیں۔ عصمت چغتائی کا پہلا اَفسانہ ’’کافر‘‘ 1938ء کے ’’ساقی ‘‘ میں شائع ہوا تھا۔ اُس کے اَفسانوں میں جنس نگاری کے ذریعے نہ صرف معاشرتی اقدار کو کچوکے لگائے گئے ہیں ‘ فرد کو معاشرتی جکڑ بندیوں کے خلاف بغاوت پر بھی اُکسایا گیا ہے ۔ وہ شروع ہی سے عورت کی نفسیات کو بنیاد بنا کر لکھنے کی طرف مائل تھیں ۔ ان کے افسانوں ’’چوتھی کا جوڑا‘‘، ’’ ننھی کی نانی‘‘،’’’لحاف‘‘اور’’جڑیں‘‘ کو کسی طور بھلایا نہیں جا سکے گا ۔
اردو کی ممتاز شیریں بھی ایک ہی ہیں ۔ فکشن کی تنقید کابڑا نام ۔ واقعہ یہ ہے کہ اُنہوں نے لائقِ اِعتنا اَفسانے بھی لکھے۔ ممتاز شیریں کا پہلا اَفسانہ ’’ انگڑائی‘‘ تھا جو ’’ساقی ‘‘ میں 1944ء میں چھپا تھا ۔ حیاتِ انسانی کے بارے میں اُن کا اپنا ایک وژن تھا اور یہ اُن کے ہاں اَفسانہ لکھتے ہوئے حاوی رہتا تھا۔
’’ اور دونوں ننھوں نے ایک دوسرے کی طرف دیکھا جیسے کڑی نظروں سے کہہ رہا ہو تمہیں کیا حق تھا اپنا الگ وجود بنانے کا ‘ مجھی میں رہتے ‘اتنے سے تو ہو۔ اور چھوٹے کی نظروں نے گویا جواب دیا تھا‘ کیا پڑی تھی کہ میں بالکل الگ ہو کر بھی تم میں رہوں‘ اپنی آزادی کھو دوں‘ ہم الگ الگ اور آزاد ہیں۔ ‘‘ (بھارتیہ ناٹیہ/ممتاز شیریں)
قرۃُ العین حیدر کا ذِکر تو اَب اُردو ناول کے باب کا روشن حِصّہ ہوگیا ہے تاہم اُردو اَفسانے میں بھی ان کے کام کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ اُن کا بنیادی مسئلہ اِظہار ذَات اور آتشِ رفتہ کا سُراغ رہا ۔ خیال کا تہذیبی تاریخ میں دور تک آزاد نہ بہاؤ‘ اورمسلسل اِضطراب اُن کے ہاں اَفسانے کی تعمیر کے لوازم بن گئے تھے ۔ محمود ہاشمی نے تو قرۃُ العین حیدر کے اَفسانوں کے پہلے مجموعے ’’ستاروں سے آگے ‘‘ کو جدید اَفسانے کا نقطہ آغاز کہہ رکھا ہے اور اِس کاغالباً سبب یہ ہے کہ ان کے ہاں اِس کتاب میں کردار کہانی کی لگی بندھی ڈگر توڑنے میں کامیاب ہو گئے تھے۔ اَب زِندگی تاریک سرنگ میں ‘ اور ایک ہی سیدھ میں چلتے رہنے کا نام نہ تھی۔ باطنی اِحساس اور لاشعور سے شعور تک کو اَپنے ہالے میں لے لینے والا اُجالا راستے روشن کرتا زندگی کا قرینہ تھا۔ قرۃُ العین حیدرتقسیم سے پہلے ہی اَفسانہ نگاری کی طرف راغب ہو چکی تھی ۔ انہوں نے’’ستاروں سے آگے‘‘ کے علاوہ’’ شیشے کا گھر‘‘، ’’ کہرے کے پیچھے‘‘،’’ پت جھڑ کی آواز‘‘ اور’’جہاں پھول کھلتے ہیں‘‘ جیسے اَفسانوں کے کئی مجموعے دِیے ہیں۔ اُن کے ہاں کہانی کاپلاٹ بہت زِیادہ نظر اَنداز نہیں ہوتا تاہم مواد بہت اَہم ہوجاتا ہے ۔ ’ ’پت جھڑ کی آواز‘‘،’’ہاؤسنگ سوسائٹی اور ’’کارسن‘‘میں قرۃُ العین حیدر کے تخلیقی عمل کی بنیادوں اور طریقہ کار کو بخوبی سمجھا جا سکتا ہے۔
جیلانی بانو جب اِدھراِسلام آباد آئی تھیں تو ایک گفتگو کے دوران اِس بات پر بہت برہم تھیں کہ بات اُردواَفسانے کی ہورہی ہوتو دَرمیان میں مختلف دہائیاں اور تحریکیں آجاتی ہیں اچھا اَفسانہ لکھنے والے نظر انداز ہو جاتے ہیں۔جیلانی بانو نے زندگی کو جس طرح دیکھا ‘ اَپنے اَفسانوں میں اسی طرح پیش کرنے کی کوشش کی ہے اور انہوں نے شہرت کے حصول کے لیے’’ سیلی ہوئی آتش بازی‘‘ نہیں چلائی تاہم ان کی نثر کو محض سادہ بیانی تک محدود نہیں سمجھنا چاہیئے ۔ بلاشبہ کہانی کا دَامن وہ مضبوطی سے گرفت میں رکھتی ہیں مگر ساتھ ہی ساتھ کہانی کے بیانیے اور ڈھنگ میں حسبِ ضرورت تبدیلیاں بھی کرتی جاتی ہیں ۔ موضوعات کے تنوع کے ساتھ یہ تبدیلیاں اُن کی کہانیوں کی تاثیر اکثر اوقات بڑھاتی رہی ہیں۔
کچھ روز پہلے بچھڑنے والی بانوقدسیہ اَفسانہ لکھتے ہوئے اپنے شوہر اشفاق احمد سے بالکل مختلف ہو تی رہی ہیں اور اِس کی عمدہ مثالیں ’’کلو‘‘ اور’’ انتر ہوت اُداسی‘‘ جیسے باکمال اَفسانے ہیں ۔ ہمارے ہاں کی مغرب زدہ عورتوں کی طرح بے جڑ آزادی ان کا مسئلہ نہیں ہے ۔ زمین اور روایت کی خوشبو اُن کے لفظ لفظ میں گندھی ہوئی ہے مگر یوں کہ اس میں سے تازگی کی مہک بھی لطف دے جاتی ہے ۔
’’ جس وقت میرا دائیاں پیر سیڑھی کی آخری ٹیک پر تھا اور میرا بایاں پاؤں زمین سے سوا چھ انچ اونچا تھا ‘ کسی نے پیچھے سے میرا چونڈا پکڑ لیا ۔ میرا جسم تو پہلے ہی زینہ اترنے سے ہانپ رہا تھا ‘ اسے زمین پر گرتے دیر نہ لگی مجھے یوں لگا جیسے گرتے ہی میری کنپٹی سے ہلکی سی خون کی دھار نکلنے لگی ہے۔
’’اس وقت آدھی رات کو تو کہاں سے آرہی ہے ما ں ؟ ۔۔۔ بول‘ بتا۔۔۔ اور دوسری منزل میں تیرا کیا کام تھا اس وقت؟‘‘
میں چپ رہی۔ جوان بیٹے کو میں کیا بتاتی کہ بیٹوں کو پالنے میں ماؤں کو کیا کچھ کر گزرنا پڑتا ہے۔ ‘‘
(انتر ہوت اداسی/بانو قدسیہ)
بانو قدسیہ کے اَفسانوں اور ڈراموں کی پچیس سے زَائد کتابیں شائع ہو چکی ہیں۔
اَفسانہ نگار خدیجہ مستورنے رومانی حسیت کے اَفسانے لکھے اور ترقی پسندوں کا اِتباع بھی کیا۔ سیاسی چالبازیوں سے نفرت ‘ جنسی گھٹن اور طبقاتی تقسیم بھی اُن کے اَفسانوں کے موضوعات رَہے ہیں ۔ تقسیم کے بعد شائع ہونے والے ہاجرہ مسرور کے اَفسانوں کے مجموعے ’’چند روز اور‘‘ میں اُن کے موضوعات وسیع ہو جاتے ہیں۔ اگلے مجموعے’’تھکے ہارے‘‘ میں کشادگی کا اِحساس اور بڑھ جاتا ہے۔ ’’ہینڈ پمپ‘‘، ’’ دَس نمبری‘‘،’’ تلاش گمشدہ‘‘وغیرہ جیسے اَفسانے اُس کی قابلِ قدر تخلیقات میں شمار کیے جا سکتے ہیں۔ ان ہی کی بہن ہاجرہ مسرورکے اَفسانے ’’تیسری منزل‘‘ کو ممتاز شیریں نے’’Breakfast at Tiffinis‘‘ قرار دیا تھا ۔ ممتاز شیریں کا یہاں موازنہ دِلچسپ یوں لگا کہ ’’Breakfast at Tiffinis‘‘ پڑھ کر ممتاز شیریں کی پسلی پھڑک اُٹھی تھی اور لگ بھگ ایسی ہی کیفیت سے وہ ’’تیسری منزل‘‘ پڑھنے پرگزری تھیں ۔ ہاجرہ مسرور1944ء تک اَدبی حلقوں میں معروف ہو چکی تھیں ۔ اُن کے اَفسانوں کا پہلامجموعہ ’’ چرکے ‘‘ کے عنوان سے 1944ء میں چھپا تھا۔ اُنہوں نے ہمارے خاندانی نظام ‘ رشتوں ناطوں اور سماجی ماحول کے کمزور گوشوں پر بڑی مؤثر گرفت کی ہے۔ کرداروں کی تعمیر میں نفسیاتی حوالوں کو مدنظر رکھااور اپنے افسانوں کے ذریعے بہت سی باتیں کہنا چاہی ہیں اور لطف یہ کہ اَپنی فنی گرفت کوبھی ڈھیلا نہیں پڑنے دیا ۔
اختر جمال نے پہلا اَفسانہ ’’پیاسی دھرتی ‘‘ کے نام سے لکھااُس وقت اُن کی عمر محض تیرہ برس تھی تاہم ان کے اَفسانوں کا پہلا مجموعہ ’’اُنگلیاں فگار اَپنی‘‘1971ء میں ان کے اکلوتے ناول ’’پھول اور بارود‘‘(مطبوعہ 1967ء) کے بعد منظر عام پر آسکا تھا۔ اُن کے اَفسانوں کے دو اور مجموعے ’’زرد پتوں کابَن‘‘ اور’’ سمجھوتہ ایکسپریس‘‘ بالترتیب 1981ء اور1990ء میں آئے۔ اختر جمال کے سامنے ایک تو وُہ اِنسان ہے جو ستاروں پر کمندیں ڈال رہا ہے اور دوسری طرف وہ اِنسان جوسسک سسک کر زندگی گزار رہا ہے ۔ اُنہیں اِس بات پر تعجب ہوتا ہے کہ اِنسان مہذب ہوکر بھی اَپنی نفرت کے شعلوں کو بجھا نہیں سکا ہے ۔ ’’پسِ دِیوارِ زِنداں‘‘ ،’’تحفہ‘‘،’’کرزَن ہال‘‘ اور وراثت‘‘ جیسے اَفسانے ان کی سادہ بیانی اور کھرے جذبوں کے اِظہار کے عمدہ نمونے ہیں۔
خالدہ حسین کا شمار اُن اَفسانہ نگاروں میں کیا ہی نہیں جاسکتا جو اَپنے اِدھر اُدھر بکھرے ہوئے مظاہر زندگی کے ملائم اور چکنے حصوں پر پھسلتے اور پھیلتے رہتے ہیں اور نہ ہی یہ اُن لوگوں میں سے ہیں جو تلخ زندگی کے خارجی نوکیلے اور کھردرے حصوں پر ہی سر کو پھوڑلینے کو تخلیقت گردانتے ہیں۔ خالدہ حسین کا مُعامِلہ یہ ہے کہ وہ مادی تفہیم سے آگے نکل جاتی ہیں اور زِندگی کے ہر مظہر کے باطن اور خارج میں جاری واقعے کی ہر لہر کی روح پر دستک دے آتی ہیں ۔ وہ مسلسل اِس کوشش میں رہتی ہے کہ تہہ میں اُتریں اور نظر آنے یا محسوس ہونے والے کی ماہیت اور اَصل کو پالیں ۔ خالدہ حسین کے اَفسانوں کا پہلا مجموعہ ’’پہچان‘‘ 1981ء میں شائع ہوا تھا۔ ’’دروازہ‘‘ کی اِشاعت کے بعد اُن کے اَفسانے پر قبولیت اور پہچان کا دروازہ کھل چکا تھا اور لطف یہ ہے کہ اَبھی تک اُن کا قلم اسی طرح مختلف کہانی لکھے چلا جارہا ہے۔ کہانی ’’سلسلہ‘‘ میں دِید کے ساتھ نادِید کا بھید بہت پُر لطف ہو جاتا ہے۔
’’ہاں سب کچھ پنکی کے لیے گردش میں تھا۔ مگرخود اس کے لیے ہر شے جامد اور بے جان تھی۔ کوئی کسی کی دید میں شامل نہیں ہو سکتا ۔ کوئی کسی کے حال کا ساجھی نہیں ہو سکتا ۔ سب اپنے اپنے دائرے میں تیرتے ہیں ۔ تو پھر ہر ایک کی حقیقت الگ ہے۔ اس وقت بھی اس نے سپاٹ بے داغ چھت کو نگاہوں سے چاروں کھونٹ کھنگال ڈالا ۔ اَب وہاں پر کچھ بھی نہ تھا ۔ ہوتا بھی تو وہ صرف اس کے لیے تھا ۔ وحید کے لیے ‘ کسی کے لیے بھی نہ تھا۔ چنانچہ وہ کھیلتے چھپتے حروف‘ وہ ابجد صرف اس کی دید تھے ۔
اس نے فیصلہ کیا کہ اب وہ کسی سے بات نہ کرے گی۔ اور وُہ اِسی طرح دَبے پاؤں ‘وقت بے وقت چلے آتے۔ خالی شفاف پس منظر میں ۔ جُوں جُوں وہ اَپنی نگاہ فاصلے پر مَرکُوز کرتی چلی جاتی‘ان کا حجم بڑھتا چلا جاتا۔ ان کی گولائیاں اور مخروطی لکیریں کسی پختہ ہاتھ کی کاریگری تھی۔ وہ کیا کہتے تھے ۔ ایک لرزش سر سے ہوتی پاؤں کے انگوٹھے تک پھیل جاتی۔ صرف میں۔ میں ہی کیوں۔ اور پھر یہ بھی تو نہیں کہ اصل میں شے کیا ہوتی ہے اور ہمیں کیا نظر آتی ہے۔ ‘‘
(سلسلہ/خالدہ حسین)
ؒ عذرا اَصغر نے پہلا اَفسانہ 1962ء میں لکھا تھا۔ اُن کاناول ’’دِل کے رِشتے ‘‘1970ء میں چھپا جب کہ اُن کے اَفسانوں کا پہلا مجموعہ ’’پَت جھڑ کا آخری پتہ‘‘ 1980ء میں منظر عام پر آیا ۔ ’’بیسویں صدی کی لڑکی ‘‘اور’’ تنہا بر گد کا درخت‘‘ اُن کے دُوسرے قابل توجہ افسانوں کے مجموعے ہیں ۔ محبت اور اُس کے دَھنک جتنے رَنگ عذرا کی کہانیوں کی بنیاد کہے جاسکتے ہیں ۔ رشتے اور تعلق کا ایک گہرا تہذیبی حوالہ اُن کی نثر میں بھی ایک اِضافی لطف کا سامان بہم کرتا ہے۔ ’’کرچیاں‘‘،’’اوڑھنی میں جگنو‘‘، ’’ سہارا‘‘،’’بے کفن‘‘،’’اِشارہ اور نفسیات‘‘اور ’’پہلا پتھر‘‘ جیسے اَفسانوں میں عذرا اِنسانی رِشتوں اور تعلق کی پیچیدگیوں میں گُم ہوتی ہوئی اعلیٰ اِنسانی اقدار کو تلاش کرتی نظر آتی ہے۔
زاہدہ حنا لکھتے ہوئے اپنے عصر کو منہا نہیں کرتیں اور میں سمجھتا ہوں کہ ایک سچے فن کار کی ایک نشانی یہ بھی ہوتی ہے کہ وہ عصری آشوب کو اپنے وجود کا حصہ بنالیا کرتا ہے۔ کم ہمت فن کار اپنے اندر اتنی قوت نہیں رکھتے کہ اس آشوب کو تخلیقی جوہر میں بدل جانے دیں لہٰذا وہ حال سے بدک کر ہمیشہ ماضی کے دھندلکوں ہی میں گم رہتے ہیں ۔ زاہدہ حنا کے نزدیک محض ماضی کو لکھ دینا ہی فکشن نہیں ہے وہ اسے رواں عصر کے ساتھ جوڑ دیتی ہیں اور حال کا حصہ بنا کر مستقبل میں سوالات اور امکانات کی صورت اچھال دیتی ہیں۔ اپنی جڑوں سے جڑت اور اپنے عصر سے آگہی نے ان کی نثر کو بھی پُر از معنی بنادیا ہے ۔ ان کے افسانوں کا پہلا مجموعہ ’’ قیدی سانس لیتا ہے‘‘ 1983ء میں شائع ہوا تھا تاہم جب ان کا دوسرا معروف مجموعہ ’’ راہ میں اجل ہے‘‘1993 میں آیاتو فکشن کا سنجیدہ قاری پوری طرح ان کی طرف متوجہ ہو چکا تھا۔
’’ امریکی بمباری کے خلاف کول کٹا ‘ شما کیجئے گا ‘ مجھے یاد نہیں رہا کہ کلکتہ ‘بمبئی اور مدراس کے نام سن کا غصہ آجاتا ہے۔ ہاں تو جب کلکتہ کی سڑکوں پر لاکھ لوگوں کا جلوس نکلا تو میں بھی اس میں گئی تھی ‘ ٹیلی وژن پر میری جھلک دیکھ کر آپ بہت خوش ہوئی تھیں اور جلوس میں نہ جانے پر آپ نے بھیا اور ششمتا کو طعنے دیئے تھے ۔ پھر جب ریلیف روک کے لیے کابل کے اندرا گاندھی انسٹی ٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ کی طرف سے ڈاکٹروں کی مانگ آئی اور میں نے والینٹئر کیا تو یہ صرف آپ تھیں جنہوں نے آشیرواد دی تھی ‘ورنہ گھر میں تو سب ناراض تھے ۔ ماتا کا غصے سے برا حال تھا۔ ‘‘
(کُم کُم بہت آرام سے ہے/زاہدہ حنا)
سیدہ حنا کو کہانی کے ٹھوس پن سے وفا داری نبھانا اچھا لگتا ہے ۔ واقعے کے ساتھ ساتھ چلنا اور اسے یوں لکھنا کہ اس میں کوئی الجھن نہ آئے۔ زندگی جیسی ہے‘ اُسے ویسا ہی لکھ دینا ‘ سادگی اور سہولت کے ساتھ بہت مشکل ہو جاتا ہے اور پھر اس کا اہتمام بھی کہ کہیں ترسیل کا مسئلہ پیدا نہ ہو۔ تو یوں ہے کہ ایسے میں فکشن بنے نہ بنے کہانی بن جاتی ہے۔ سیدہ حنا جیسی لکھنے والیاں کبھی جُھوٹ لکھ ہی نہیں سکتیں اور میں یہ اِس کے باوصف کہہ رہا ہوں کہُ اس کی کہانیوں کے مجموعے کا نام تھا ’’جُھوٹی کہانیاں‘‘۔ ’’پتھر کی نسل‘‘ سیدہ حنا کے ایک اور مجموعے کا نام ہے ۔ ’’ تھپڑ‘‘، ’’انہونی‘‘،’’رقصِ شرراور ’’ہزار پایہ‘‘ جیسے افسانوں کو پڑھ کر اَندازہ ہوتا ہے کہ اُن کا قلم حقیقت کے مقابل ہوتے ہوئے کتنا سفاک ہو جاتا ہے ۔
نیلو فر اقبال کے اَفسانوں کا مجموعہ ’’گھنٹی‘‘ 1996ء میں منظر عام پر آیا ۔ انہوں نے پہلا اَفسانہ ’’بگلا‘‘ لکھا اور کرنل محمد خان کے توسط سے ’’نیرنگ خیال ‘‘ میں چھپوایا تھا لیکن کتاب مرتب کرتے ہوئے ’’بگلا ‘‘ سمیت 1979ء سے 1981ء کے دوران چھپنے والے سارے افسانوں میں سے صرف ایک کا انتخاب کیا ‘ اور وہ ہے ’’گھوڑا گاڑی‘‘ ۔ نیلوفر کی اَفسانہ نگار کی حیثیت سے شناخت اس کے معروف افسانوں’’گھنٹی‘‘، ’’آنٹی‘‘ اور برف ‘‘ کے بعد ہوئی۔ یہ وہ اَفسانے ہیں جو ٹھوس حقیقت نگاری اور سادہ بیانیے کے باوصف نہ صرف لائق توجہ ہوگئے ہیں بلکہ نئے انسان کی حسیات سے بھی جڑے ہوئے ہیں۔ سادہ کاری کا سلیقہ ان کے پاس ہے ۔ کہیں کہیں وہ لطیف طنز کا استعمال اس خوبی سے کرتی ہے کہ مَتن جاگ اٹھتا ہے ۔ نئی زندگی قابل قدرتہذیبی اور خاندانی روایات کو کس طرح نابود کر رہی ہے۔‘‘ سرخ دھبے‘‘ تک آتے آتے وہ عالمی سیاسی صورت حال کو بھی موضوع بنا لیتی ہیں ۔ وہ بتاتی ہیں کہ سامراج چاہے اندورنی ہو یا عالمی کیسے انسان ہی کو مرنے مارنے پر تیار ہوجاتا ہے۔ ’’کھوٹا سکہ‘‘ کا بگا جنگ میں مارا گیا ہے ‘مگر شہید نہیں ہے‘ کیوں؟ ‘ کتوں کااِ نچارج یعنی’’برف‘‘ کا شیر علی کتوں سے کم تر ہوگیاہے ‘کیسے؟ ’’ گھنٹی‘‘ کے رشید کا باپ اوپر والی منزل پر گھنٹی بجا کر بلائے بغیر مر گیا تھا ‘ کیوں ؟ ’’حساب‘‘ کی اولاد اپنی بوڑھی ماں کو حساب دینے پر مجبور کر دیتی ہے‘کس لیے؟‘ نیلوفر کے افسانوں میں ان سوالوں کا جواب تلاشتے تلاشتے ‘دُکھ کی ایسی فصل کاشت کر دی گئی ہے جسے بہ ہر طور ہر پڑھنے والے کو کاٹناہے۔
نیلم احمد بشر نے اپنے سیدھے مگر کھرے بیانیے کے وسیلے سے قاری کو متوجہ کیا ۔ حوازادی کو وہ مختلف سماجی اور معاشی صورت احوال میں رکھ کر دیکھتی اور پرکھتی ہیں۔ نئے عہد کی نئی عورت کے مسائل ان کا بنیادی مسئلہ بنتے ہیں تاہم اِن مسائل کا اُن کے ہاں براہ راست بیان نہیں ہوتا بلکہ نسائی نفسیات اور جذبوں کواُچھال اُچھال کر چلنے والے بیانیے کے وسیلے سے وہ اسے کہانی کے اندر سمولیتی ہیں ۔ عورت جس کی عمر ڈَھل رہی ہے ۔ عورت جو نظر انداز ہو رہی ہے اور عورت جو تقسیم ہو کر رہ گئی ہے ‘ ان کی کتاب ’’گلابوں والی گلی‘‘ اور دوسرے افسانوں میں ایک سلیقے سے آگئی ہے۔ یہ بھی واقعہ ہے کہ اُنہوں نے محض عورت کے مسائل اور نسائی جذبوں سے وابستہ موضوعات تک خود کومحدود نہیں رکھا اور اس کاا ندازہ ’’خوب صورت شہر کارہنے والا‘‘ کے اِس اِقتباس سے لگایا جاسکتا ہے ۔
’’ایک آوارہ کتا اس کے بالکل قریب آکر چاؤں چاؤں کرنے لگا۔ کمبخت کی شکل و صورت پر ہی پھٹکار برس رہی تھی۔ عبدالشکور نے اسے ایک ڈھیلا کھینچ مارا اور دُم دبا کر بھاگ گیا۔
’’سالا کتا‘‘ وہ بڑبڑایا اور چین چڑھا کر اُٹھ کھڑا ہوا ۔ رَنگ برنگے متعفن کوڑے پر نظر نہ ڈالنے کی بھر پور کوشش کے باوجود اس کی نظر نہ جانے کس طرح اُس پھولی ہوئی کُتّے کی لاش پر جا ٹکی ‘جس پر لاتعداد مکھّیاں بھنبھنا رہی تھیں۔
’’سالا کتا‘‘ اُس کے الفاظ نے اُس کے لبوں پر ہی دم توڑ دیا اور وہ خاموش ہوگیا ۔ پھر نہ جانے اُس کے دِل میں کیا آئی ۔ اَپنی جیب سے تروتازہ ‘ مہکتا خوب صورت لہورنگ گلاب کا پھول نکالا‘مردے کی لاش پر احترام سے رکھااور تیز تیز پیڈل مارتا اپنی ڈیوٹی پر چل دیا۔ ‘‘
( خُوب صُورَت شہر کارہنے والا/نیلم احمد بشیر)
فرحت پروین کا کہنا ہے کہ انہوں نے پہلی کہانی ’’سکنک‘‘ لکھی اور احمد ندیم قاسمی کو بھیج دی‘جو فنون میں چھپ گئی۔ احمد ندیم قاسمی کا کہنا ہے کہ شدید حسیت ‘ گہری انسانی ہمدردی‘ ہمہ گیر قوت مُشاہدہ فرحت پروین کے افسانوں میں مجسم ہوگئے ہیں۔ قاسمی صاحب نے فرحت پروین کو اَفسانے کی بیانیہ روایت سے جوڑا ہے مگر ساتھ ہی یہ بھی کہا ہے کہ ’’سکنک‘‘ علامت بن گئی ہے‘ جو بتاتی ہے کہ ’’خوشبودار‘‘ لوگ معاشرے میں اپنے اندر کے ’سکنک‘سے کتنا تعفن پھیلا رہے ہیں ۔ فرحت پروین کے افسانوں کاپہلا مجموعہ ’’منجمد‘‘جون 1997ء میں شائع ہوا تھا اور اسی نام کے اَفسانے نے کتاب چھپنے سے پہلے ہی سب کو اس کی جانب متوجہ کر دیا تھا۔ مجھے تو اس اَفسانے کی ماں اور بیٹی ‘جو چودہ چودہ سال کی عمر میں مائیں بن گئی تھیں‘ اس مغربی ثقافت کی علامت لگی ہیں جس کی چوندھ میں مشرقی معاشرہ اپنی تہذیبی اقدار کو لائق اعتنا نہ جان کر خاندانی نظام کو مختصر کرتا چلا جارہا ہے ۔ کہانی لکھتے ہوئے وہ جس طرح جملہ جملہ آگے بڑھتی ہیں ‘ اورواقعہ آہستہ آہستہ کہانی میں کھولتی ہیں ‘ وہ کہانی میں تجسس کا عنصر بڑھاتا ہے۔
طاہرہ اقبال نے اپنے فکشن میں دیہات نگاری کی روایت میں ایک نیا ذائقہ دیا ہے۔ ’’ریخت ‘‘، ’’تپسیا‘‘ اور ’’دیسوں میں‘‘ میں جیسے اَفسانے قاری کو اپنی گرفت سے نکلنے نہیں دیتے ۔ بہت سے اَفسانہ نگاروں نے دیہات کو یوں لکھا ہے کہ اس میں ایک بھید سا بھر گیا ہے ۔ کچھ نے اس کے کھردرے پن کو نمایاں کیا۔ اور کچھ کے ہاں یہی دیہات کھرے پن اور سچائی کی علامت ہو گیا ہے ۔ طاہر ہ کا دیہی ماحول ‘ کہنہ روایات‘طبقاتی جبر اور مفادات کی کش مکش کی روداد پڑھنے والااس صورت حال سے بوکھلاتا ضرور ہے مگر ساتھ ہی ساتھ بغاوت کو تیار بھی ہو جاتا ہے۔ طاہرہ کے ہاں دیہی ماحول وہاں کی لفظیات سے بنتا ہے ۔ وہ اپنے افسانوں میں معنی کے مربوط بہاؤ کے ساتھ ساتھ مقامی لفظوں کے نامانوس صوتی آہنگ سے ایک نیا ذائقہ بناتی ہیں ۔
’’ سڑک کے بیچوں بیچ تھرکتی پھڑکتی گلزاری وچولن کے لال پراندے کے سنہرے پھندے کالی شلوار کے تیرے پر جھومر ڈالتے تھے اور چست لباس میں گھٹی ہر ہر نس لمبے لمبے سانس چھوڑتی تھی۔
’’استانی سمجھئے جی استانی نئے نئے جوان ہوتے چھوکروں کی پہلی استانی‘‘
آدو نے منھ کھول کھول کر متعدد قہقہے اندر ہی اندر بہائے جیسے ہر مٹک پٹک میں وہ نئی نئی جگتیں طراز کرتی چلی جارہی ہو۔ ‘‘
(وچولن/طاہرہ اقبال)
شہناز شورو کی کہانیوں کا محور انہدام کی طرف مائل سماجی اقدار ہیں ۔’’ لوگ‘ لفظ اور انا‘‘ اور’’زوال دُکھ‘‘ جیسے اہم مجموعوں کی اشاعت کے ساتھ ہی انہوں نے اپنے قاری کو متوجہ کر لیا تھا ۔ وہ روایات ‘ جو معاشرے میں کسی سبب ایمان کا سا درجہ پالیتی ہیں وہ شہناز شورو کے قلم کی زد پررہتی ہیں۔ یہ وہ روایات ہیں جو عورت کو کم تر بنا کر اس کی شخصی آزادی پر قدغن لگاتی ہیں۔ وہ کہانی لکھتے ہوئے اس کے معنی کے بہاؤ میں تندی لانے کا ہنر بھی جانتی ہے اس کے لیے وہ جملوں کی ساخت کو روایتی نہیں رہنے دیتی ۔
’’ کچھ دور ہی زیر تعمیر عمارت تھی جو‘ اب بالکل خالی تھی ۔ مزدور سرشام ہی جا چکے تھے ۔ کمل حیرانی سے اس جگہ کو دیکھ رہا تھا۔
’’یہ کون سا گھر ہے؟‘‘ کمل نے اس سے پوچھا۔
دین محمد کچھ نہ بولا۔ چوکنا ہوکر نیفے سے چھرا نکالا۔
’’دکھاؤ دکھاؤ‘‘ کمل کی آنکھوں میں نرالی چمک پیدا ہو گئی۔
’’دکھاؤ مجھے بابا۔۔۔دکھاؤ بابامجھے ۔ ‘‘۔۔۔ وہ ایک دم ہٹیلا بن گیا ۔ دین محمد نے چھرے والا ہاتھ پیچھے کیا ۔ ضد میں آکر زور سے کمل نے چھرے پر ہاتھ مارا ۔ نرم صحتمند ہتھیلی لہو سے رنگ گئی۔ ’’بابا!‘‘۔۔۔ کمل چیخا۔
’’جانی، جانی۔۔۔کمل میرا بچّہ‘‘ دین محمد کی آنکھوں میں سویا ہوا سمندر موجیں مارنے لگا۔ ‘‘
(لااِکراہ فی الدین/شہناز شورو)
سید عفرا ء بخاری نے اپنی اَفسانہ نگاری کا آغاز 1959ء میں کیا اور 1979ء تک تسلسل سے لکھا اس عرصے میں ان کے افسانوں کے مجموعے ’’فاصلے ‘‘(1964ء) ’’نجات‘‘(1998ء) اور’’ریت میں پاؤں‘‘ (2003ء) ہیں ۔ انسانی رشتوں کی پیچیدگیاں ‘ خاندانی تنازعات‘ سماجی اونچ نیچ ‘بھوک‘چھوٹی چھوٹی خوشیاں اور بڑے بڑے دُکھ‘ عفراء کے ہاں تخلیقی عمل کو تحریک دیتے رہے ہیں۔ ان کا بیانیہ سادہ رواں ہے اور احساس شدید جب کہ واقعہ اپنی پوری جزئیات اور جذبوں کے لوازمات کے ساتھ آتا ہے۔
فکشن نگارفردوس حیدر کا انتقال بھی حال ہی میں ہوا ہے ۔ان کے افسانوں کی کئی کتابیں شائع ہو چکی ہیں ۔ اُن کے ہاں کہانی کہتے ہوئے کہیں بھی پسپائی یا مخمصے کا شائبہ تک نہیں ہوتا۔ صاف صاف دکھتا ہے کہ انہیں جو کہنا ہوتا تھا ‘ کہہ دیاکرتی تھیں ۔ یہ رہن سہن اور رشتوں ناطوں کا مُعامِلہ ہو یا ‘ عصری سیاسی اور سماجی صورت حال ۔ تاہم بات کہہ ڈالنے میں بھی ان کے ہاں ایک سلیقہ اور توازن پایا جاتا ہے اور اسی توازن اور سلیقے سے کہیں کہیں دانش کی مہک بھی پھوٹنے لگتی ہے۔ فردوس حیدر کے اس قرینے نے ان کی کہانی کو لائق اعتنا بنا دیا تھا ۔
’’ عورت کو چھوتے ہی اُس کے بدن کے اندر بھوک اُگ آئی۔
’’کیا تمہیں بھوک لگی ہے ؟‘‘ اُس نے پیار سے عورت کو دیکھا۔
عورت نے اَثبات میں سر ہلایا۔ وُہ اُس کا ہاتھ تھامے اَپنے گھر میں داخل ہوا۔ گھر کا ٹوٹا ہوا دروازہ ویسے ہی ہل رہا تھاجیسے وہ چھوڑ گیا تھا۔
’’عورت پاؤں کی جوتی ہے۔ ‘‘ باپو کی آواز آنگن میں پھیلی ہوئی تھی۔
’’مرد کتا ہے۔ ‘‘ ماں کی آواز بھی ہوا میں معلق تھی۔
دونوں کچے آنگن کی مٹی اوڑھے ایک دوسرے کے قدموں میں سر رکھے سو رہے تھے۔ ‘‘
(پتھر کی تلاش میں/فردوس حیدر)
عطیہ سیدنے’’شہر ہول‘‘ کے افسانوں میں زندگی کو بہ انداز دگر دیکھا ہے ‘ اپنا مقام اور مکان بدل کر ۔ وہاں سے جہاں تہذیبی مظاہر بدل جاتے ہیں ‘ زندگی کی ترجیحات بدل جاتی ہیں ۔ مادہ بہت اہم ہو جاتا ہے اور روح کے کوئی معنی نہیں ہوتے۔ رشتے ضرورتوں کے ساتھ مشروط ہو جاتے ہیں ۔ عطیہ سید کے کردار کبھی تو گندے نالے کے ساتھ ساتھ چلتے نظر آتے ہیں اور کبھی کھلی شاہراہ پر۔ وہ کبھی امریکہ میں ہوتے ہیں اور کبھی اٹلی اور روم میں‘اور یوں منظر بدل جانے سے ان کی کہانی کا لحن بھی بدل جاتا ہے ۔
شاعرہ فہمیدہ ریاض فکشن کی طرف متوجہ ہوئیں تو اس میدان میں بھی ہماری پوری توجہ کھینچ لی ۔ کہانی کو پوری جزئیات اور جذبوں کے ساتھ لکھنا اور پورے ماحول کو ساتھ لے کر چلنا فہمیدہ کو اچھا لگتا ہے ۔ ایسا کرتے ہوئے وہ بسا اوقات کہانی کو آپ بیتی یا یادنگاری کے قریب لے جاتی ہیں ۔ مجھے ان کا افسانہ ’’جھنوں کو چٹھی ملی‘‘ ایسے شاہکار افسانوں میں سے ایک لگتا ہے جنہیں سہولت سے بھلایا نہیں جا سکتا۔
1937 ء میں ساہیوال میں پیدا ہونے والی ناول نگار اور اَفسانہ نگارفرخندہ لودھی نے اُردو اور پنجابی ‘دونوں زبانوں میں اَفسانے لکھے ۔ ’’شہر کے لوگ‘‘،’’آر سی‘‘ اور ’’خوابوں کے کھیت‘‘ اُن کے اُردو افسانوں کے مجموعے ہیں ۔ سادہ اور رواں بیانیہ میں سماجی اور معاشرتی سطح پر فرد کی زندگی میں نمایاں ہونے والے ابھاروں پر ان کی گہری نظر ہے۔ تعلق اور رشتوں کے بیان سے وہ ان ابھاروں کو اپنی کہانیوں میں نشان زد کرتی جاتی ہے۔
نعیمہ ضیا الدین کے افسانوں میں ان لوگوں کی زندگی در آئی ہے جو تلاش معاش میں اپنی زمینیں چھوڑ کر نئی معاشرت میں شناخت کے دُکھ جھیل رہے ہیں۔ اجنبی تہذیبی اور ثقافتی ریلے میں اپناسب کچھ بہتا چلا جارہاہے ۔ نعیمہ کے افسانوں میں نئی معاشرت میں ڈھلنے والوں کی زندگی عجب طرح کے دوغلے پن کا شکار نظر آتی ہے ۔ راست بیانیے اور جزئیات کو ساتھ لے کر چلنے والی ان کی کہانی کا بنیادی وصف تجربے اور مشاہدے کی سچائی اور کھرا پن ہے۔
عذرا عباس کا بیانیہ بہت مضبوط اور فکری دھارا بہت واضح ہے ۔ انہوں نے اپنی نظموں کی طرح اپنے افسانوں میں میل ڈامینینٹڈ سوسائٹی کے تناظر میں عورت اور اس کے اندر ہونے والی توڑ پھوڑ کو پورے قرینے اور شدت سے لکھا ہے۔ شاعرہ فاطمہ حسن بھی اَفسانے لکھتی ہیں ۔ انہوں نے چھوٹی چھوٹی کہانیوں کو احساس اور فکر کی بنیاد پر تراشا ہے ۔ عورت کا دکھ ان کا بنیادی موضوع ہے۔ ان کے افسانوں کی کتاب شائع ہو چکی ہے۔ محسنہ جیلانی کے افسانوں کا پہلا مجموعہ’’ عذاب بے زبانی کا‘‘ 1988 میں جبکہ دوسرا مجموعہ’’ بکھرے ہوئے لوگ‘‘ 2003ء میں مشفق خواجہ کے دیباچے کے ساتھ شائع ہوا۔ اس دوسرے مجموعے میں ان کے چودہ اَفسانے شامل ہیں۔ علی گڑھ کے ایک اَدبی گھرانے میں پیدا ہونے والی محسنہ کو اَفسانے میں روایت کا بہت پاس ہے۔ حقیقت نگاری کا وہ اسلوب جہاں بیانیہ دبیز ہونے کی بجائے اپنے معنی اُچھالتا چلا جاتا ہے انہیں بہت مرغوب ہے تاہم وہ اپنے تخیل سے اس میں گہرے رنگوں کا اضافہ کرتی جاتی ہے۔
صفیہ صدیقی کے افسانوں کا پہلا مجموعہ’’ پہلی نسل کا گناہ‘‘ 1990 ء میں شائع ہوا تھا۔ اب تک ان کے افسانوں کے تین مجموعے چھپ چکے ہیں ۔ زندگی کی ٹھوس حقیقتیں ان کی کہانیوں میں اپنی پوری جزئیات کے ساتھ آگئی ہیں۔ مشرقی اور تہذیبی زندگی کے بیان نے اس کے اَفسانے کے بیانیے کی تہذیب میں بھی سادگی اور دھیمے پن کو رکھ دیا ہے۔ ’ آسیب مبرم‘‘ والی نگہت سلیم سیدھے اور سپاٹ بیانیے والی کہانی نہیں لکھتیں کہ زندگی اس کے نزدیک زیادہ گھمبیر ہے۔ اس کے متعدد اَفسانے چھپ چکے ہیں۔ علامت کو انسان کے باطنی کرب یا پھر نفسیاتی الجھنوں کی تظہیر کے لیے کامیابی سے استعمال کرتی ہے۔ بشری اعجاز کی سماجی حقیقت نگاری ان کے اپنے سچے اور کھرے مشاہدے اور تجربے کی دین ہے۔ انہوں نے ’’می‘ مامااورمالا‘‘ جیسے افسانوں کے ذریعے توجہ حاصل کی۔ شبانہ حبیب اور فرخندہ شمیم دونوں کا تعلق ٹیلی وژن سے ہے ۔ تاہم لطف یہ ہے کہ دونوں کے کہانی لکھنے کا انداز بالکل الگ ہوجاتا ہے۔ شبانہ حبیب کے ہاں کہانی کی باطنی جہت زیادہ اہم ہوتی ہے جب کہ فرخندہ سماجی اور سیاسی تناظر کو گرفت میں لینے کا چلن رکھتی ہے۔ فرخندہ کے افسانوں کا مجموعہ چھپ چکا ہے۔ حمیدہ معین رضوی کی عورت نے دو تہذیبوں کے بیچ زندگی بسر کی ‘ اور اس کے دکھ جھیلے ہیں۔ ’’ مردہ لمحوں کے زندہ صنم‘‘ اور’’اجلی زمین میلا آسمان‘‘ کی کہانیوں کی زبان اور بیان سماجی حقیقت نگاری کے چلن کو اختیار کیے ہوئے ہے۔ لبابہ عباس کے افسانوں کے مجموعے بھی چھپ چکے ہیں عورت کو لکھنا اس کی خوبیوں اور خامیوں سمیت ‘ اور وہ بھی چھوٹی چھوٹی کہانیوں میں انہیں بہت بھاتا ہے۔ شاعرہ عابدہ تقی کے افسانوں کا مجموعہ’’ دوسرا فرشتہ‘‘ بھی آچکا ہے ۔ نئے عہد کی عورت اپنے تہذیبی ماضی کے ساتھ کیسے جڑ کر آگے بڑھ سکتی ہے ۔ یہ سوال اور اس جیسے کئی اور سوالات ان کے ہاں نمایاں ہوگئے ہیں ۔ “Yes Your Excellency” ان کا نہایت قابل توجہ اَفسانہ ہے۔
شمع خالد نے بھی سادہ بیانی کو شعار کیا اور ٹھیٹھ واقعے پر انحصار کرتی کہانی کو خوبی سے لکھا ہے۔ ان کی کہانیاں احساس اور تخیل سے کہیں زیادہ مشاہدے کو روبہ کار لاتی ہیں۔ ان کے افسانوں کے مجموعے بھی شائع ہو چکے ہیں ۔ امریکہ میں مقیم اور انگریزی میں ایم اے کرنے والی آصفہ نشاط نے اُردو میں شاعری کی اور ’’بونسائی‘‘ اور’’ صفحہ سات کالم چار ‘‘ جیسی خوب صورت کہانیاں بھی دی ہیں۔ اِختصاران کی کہانیوں میں ایک وصف کی صورت ظاہر ہوا ہے۔ غازیہ شاہد کے افسانوں کا مجموعہ ’’برف کی کرچیاں‘‘2000ء میں شائع ہوا تھا۔ ٹھوس واقعے کو اپنی بصیرت سے برت کر وہ اسے کہانی کی شکل دیتی ہیں ۔ ماحول کو پوری طرح اجال کر اوراس کے اندر اپنے کرداروں کو ’’جہاں دیکھا‘جیسا دیکھا‘‘ کے اصول پر متحرک رکھتے ہوئے۔ اسی سے ان کی نثر کے تیور بنتے ہیں۔ افشاں عباسی نے بھی قابلِ مطالعہ کہانیاں لکھی ہیں ۔ اُن کی کتابوں ’’رنگ خوشبو کانٹے‘‘ اور’’ کانٹوں کا سفر‘‘ کو کیسے بھلایا جاسکتا ہے ۔ وہ محض عورت کو نہیں لکھتی اس کے اِنسانی وجود کے اندر سے اُمنڈتی خوشبو کو بھی لکھ لیتی ہیں ۔ رخسانہ صولت کے اَفسانے’ ’ گیلے حروف‘‘ کی صورت تھے جن میں لطیف جذبے آنسو بن جاتے ہیں۔ انہیں عورت کی زندگی اور اس کی نارسائیاں لکھنے پر تحریک دیتی رہی ہیں۔ ناول نگار بشری رحمن کے اَفسانے بھی کم اہم نہیں ہیں اور اس بات سے وہ سارے لوگ آگاہ ہیں جنہوں نے ’’ پشیمان‘ ‘’’عشق عشق‘‘ اور’’ قلم کہانیاں‘‘ کو پڑھ رکھا ہے۔ انہوں نے صاف ستھرے بیانیے والی کہانیوں میں سماجی زندگی کی کشمکش کو موضوع بنایا ہے۔ رضیہ فصیح احمد کو ابن انشا نے ایک بار لکھا تھا کہ’ اُن کے اَفسانوں میں ’’ایک بات‘‘ ہوتی ہے ۔ ‘ رضیہ فصیح احمد نے اس سے یہ مطلب اخذ کیا تھا کہ شاید ابن انشا کا اشارہ ان کے افسانوں میں موجود فکر کی زیریں لہر کی طرف تھا۔ تاہم افسانوں کا مطالعہ بتاتا ہے کہ ہر اَفسانے کی بات ہر ایک تک پہنچانے کی للک میں رضیہ ڈیپ اسٹریکچر تعمیر نہیں کرتیں بلکہ فوری طور پر ترسیل ہو جانے والے معنی پر توجہ مرکوز رکھتی ہے ۔ رضیہ کے افسانوں کے مجموعے ’’دوپاٹن کے بیچ‘‘،’’بارش کا آخری قطرہ‘‘،’’نقاب پوش‘‘،’’کالی برف‘‘ اور ’’بے سمت مسافر‘‘ کے علاوہ ’’ورثہ‘‘ پڑھے جانے کے لائق ہیں ۔ فرحین چوہدری جب شہابہ گیلانی تھی تو اوپر تلے افسانوں کے تین مجموعے دیے۔ کہانی کی واقعاتی اور اس کی علامتی سطح دونوں کی طرف راغب ہیں ۔ زندگی کے نادریافت علاقوں پر لکھنا اور ان علاقوں کو دریافت کرنا جو سچ یا جُھوٹ کے درمیانی علاقے میں پڑتے ہیں فرحین چوہدری کو مرغوب رہے ہیں۔ ثریا شہاب اور ارجمند شاہین نے بھی اَفسانہ نگاری کو تخلیقی اظہار کا ذریعہ بنایا ۔ دونوں کا تعلق نیوز ریڈنگ کے شعبہ سے رہا ۔ تاہم کہانی کی طرف دونوں سنجیدگی سے متوجہ ہوئیں۔ اور اپنی کہانیوں کے مجموعے بھی دیے ۔ دونوں سادہ بیانی کی طرف راغب ہیں اور عورت کو لکھ کر عورت ہونے کا حق ادا کررہی ہیں۔ ڈاکٹر کوثر جمال کے افسانوں کا مجموعہ ’’جہانِ دگر‘‘ 2006ء میں شائع ہواتھا۔ اِس مجموعے میں شامل اُن کی قابل توجہ کہانیوں میں’’ اچھی لڑکی‘ بری لڑکی‘‘،’’ساتواں منطقہ‘‘،’’بو‘‘ اور ’’گواہی‘‘ کو شمار کیا جاسکتا ہے۔ کوثر کے افسانوں میں سامنے کا ماحول تلخ اور گہری معنویت سے روشن ہو جاتا ہے۔ ’’ڈوبتی ہوئی پہچان‘‘ حسانہ انیس کاپہلا اور آخری مجموعہ ثابت ہوا ۔ مسلم عظیم آبادی کی بیٹی حسانہ 1939 میں پیدا ہوئی افسانے اور تنقید لکھی کینسر کے مرض نے افسانوں کا مجموعہ چھپنے سے پہلے ہی چل بسی ۔ موت کے بعد شائع ہونے والی ان کی کتاب میں گیارہ افسانے شامل ہیں۔ برتی ہوئی زندگی کو احساس کی شدت کے ساتھ لکھنے سے اس کا اسلوب بنا تھا۔ اَفسانہ ’’ممتا‘‘ میں زندگی جس طرح سنگین ہو جاتی ہے جس طرح ایک ماں موت سے دو چار ہوکر زندگی پرآدمی کا اعتبار متزلزل کر دیتی ہے ‘ اس کی وجہ سے سعیدہ گزدر یاد آتی ہے ۔ سعیدہ کے اَفسانے بھی اب اُردو ادب کا حصہ ہیں۔موجودہ منظر نامے میں نیا خون مسلسل داخل ہو رہا ہے ۔منزہ احتشام گوندل،آمنہ مفتی،رابعہ الربا سے لے کر فاطمہ عثمان،فارحہ ارشد اورمایامریم تک فکشن لکھنے والیوں کی ایک قطار ہے جو اپنے افسانوں کی طرف متوجہ کرتی ہے۔
تو یوں ہم دیکھ سکتے ہیں کہ لمحہ موجود تک آتے آتے عورت نے اپنے حوالے سے سارا سچ لکھنے کا اختیار مر د سے نہ صرف چھین لیا ہے اپنے سچ کو فکشن میں پوری ہمت اور حوصلے کے ساتھ ساتھ تخلیقی قرینے سے بیان کرنے کی ایک تاریخ بھی مرتب کر لی ہے۔

About Urdufiction

یہ بھی دیکھیں

پاکستان میں اردو ادب کے ستر سال (2)|محمد حمید شاہد

                      شکریہ جنگ کراچی : http://e.jang.com.pk/08-09-2017/karachi/page14.asp …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *